پاکستان کے سینئر اداکار، مصنف اور ڈرامہ نگار سید محمد احمد نے اداکارہ حرا مانی سے برسوں تک جاری رہنے والی ناراضی پر پہلی بار کھل کر بات کرتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد احمد نے بتایا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران حرا مانی سے اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد انہوں نے نہ صرف ان سے بات چیت ختم کر دی بلکہ ان کی بارہا کی گئی معذرت کو بھی قبول نہیں کیا۔ ان کے مطابق حرا مانی مسلسل پیغامات کے ذریعے معافی مانگتی رہیں، مگر انہوں نے کسی پیغام کا جواب نہیں دیا۔
محمد احمد نے انکشاف کیا کہ اس ناراضی نے ان کے پیشہ ورانہ تعلقات کو بھی متاثر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مرحلے پر انہوں نے حرا مانی کے ساتھ ایک ہی منظر میں کام کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبول ڈرامہ میرے پاس تم ہو میں حرا مانی نے ان کی بیٹی کا کردار ادا کیا، تاہم دونوں کا ایک بھی مشترکہ سین فلمایا نہیں گیا۔
اداکار کے مطابق حال ہی میں حرا مانی سے ہونے والی ملاقات نے انہیں اپنی سوچ پر نظرثانی کرنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران حرا مانی نے انہیں گلے لگایا اور جذباتی ہو گئیں، جس کے بعد انہیں احساس ہوا کہ برسوں تک دل میں رنجش رکھنا اور تعلق ختم رکھنا درست فیصلہ نہیں تھا۔
محمد احمد نے یہ بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے نہ صرف حرا مانی سے دوری اختیار کی بلکہ ان کے رویے کے بارے میں شوبز انڈسٹری کے دیگر افراد سے بھی منفی گفتگو کرتے رہے، جس پر اب انہیں شدید ندامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی اس روش کو غلط سمجھتے ہیں اور کھلے دل سے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد احمد ماضی کے مختلف انٹرویوز میں ایک اداکارہ کے نامناسب رویے کا ذکر کرتے رہے تھے، تاہم انہوں نے کبھی اس کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔ اب پہلی مرتبہ انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ اداکارہ حرا مانی تھیں۔
محمد احمد کے اس اعتراف کو سوشل میڈیا پر مثبت انداز میں سراہا جا رہا ہے۔ صارفین اور شوبز شخصیات کا کہنا ہے کہ اپنی غلطی کو عوامی سطح پر تسلیم کرنا بڑی ظرف دلی اور عاجزی کی علامت ہے، جبکہ دونوں فنکاروں کے درمیان برسوں پرانی غلط فہمی کا خاتمہ خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔









