4

کے پی حکومت نے گندم کوٹے کی منظوری دے دی

خیبرپختونخوا حکومت نے سال 2026 کے لیے گندم کوٹہ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ 20 کلو آٹے کی سرکاری قیمت بھی مقرر کر دی گئی ہے۔

محکمہ خوراک کے مطابق صوبے کی فلور ملوں کو روزانہ 2 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی جائے گی، جس کے لیے تمام اضلاع کا یومیہ گندم کوٹہ جاری کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فلور ملوں کو سرکاری گندم 11 ہزار 200 روپے فی 100 کلو کے حساب سے فراہم کی جائے گی، جبکہ گندم کے اجرا کے بعد 20 کلو آٹے کی ایکس مل قیمت 2500 روپے اور ریٹیل قیمت 2520 روپے مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ خوراک نے گندم کی شفاف فراہمی یقینی بنانے کے لیے فلور ملوں پر نئی شرائط بھی عائد کر دی ہیں۔ تمام آپریشنل فلور ملوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ کم از کم 30 روز کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جاری مراسلے کے مطابق گندم کی فراہمی 2026 کے منظور شدہ ایس او پیز کے تحت کی جائے گی، جبکہ سرکاری آٹے میں نمی کی شرح 13.5 فیصد سے زیادہ ہونے پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ خوراک کے مطابق پشاور کو سب سے زیادہ 218 میٹرک ٹن یومیہ گندم کا کوٹہ دیا گیا ہے، جبکہ مردان کو 125، صوابی کو 87 اور چارسدہ کو 84 میٹرک ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔

نوشہرہ کے لیے 80، دیر لوئر کے لیے 76، سوات کے لیے 74 جبکہ باجوڑ اور چترال اپر کے لیے 59 میٹرک ٹن یومیہ گندم مختص کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق گندم کا کوٹہ اضلاع کی آبادی کے تناسب سے مقرر کیا گیا ہے، جبکہ فلور ملوں کو گندم کی فراہمی مرحلہ وار یقینی بنائی جائے گی۔