خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے کراچی کے تاریخی اسپینسر آئی ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ اسپینسر آئی ہسپتال کو میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور حکومت سندھ نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید سہولیات سے آراستہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1940 میں قائم ہونے والے تاریخی ہسپتال کو اس کے اصل ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے بحال کیا گیا، جبکہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کی عوامی خدمت کے لیے محنت اور لگن قابلِ تحسین ہے۔
خاتون اول کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپینسر آئی ہسپتال میں روزانہ تقریباً 4 ہزار مریضوں کو او پی ڈی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ علاج اور تمام طبی سہولیات مریضوں کو بلا معاوضہ دی جا رہی ہیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اپریل 2026 سے اب تک ہسپتال میں 700 سے زائد لیزر اور دیگر کامیاب طبی پروسیجرز مکمل کیے جا چکے ہیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے ہسپتال کی انتظامیہ اور طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی ایک اہم اقدام ہے۔









