لاہور میں اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر پولیس چھاپے کے معاملے پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جس کے بعد ایس ایچ او سرور روڈ سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں کو منصور اعوان کے ساتھ والے گھر کی اطلاع تھی، تاہم غلطی سے وہ اٹارنی جنرل کے گھر پہنچ گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس اہلکاروں نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران اختیارات سے تجاوز کیا، جس پر ایس ایچ او سرور روڈ اور دیگر اہلکاروں کو چارج شیٹ بھی کیا گیا ہے۔
اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان کے مطابق ایس ایچ او سرور روڈ اہلکاروں کے ہمراہ گیٹ پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا، جبکہ پولیس گھر سے سی سی ٹی وی کیمروں کا سسٹم بھی لے گئی۔
ڈرائیور کا کہنا تھا کہ کارروائی کے وقت گھر میں صرف ملازمین موجود تھے۔ پولیس چھاپے کی اطلاع ملنے پر اٹارنی جنرل منصور اعوان میٹنگ ختم کرکے گھر پہنچے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے بعد ازاں سی سی ٹی وی فوٹیج ڈیلیٹ کرکے ڈی وی آر واپس کر دیا، جبکہ چھاپے کے دوران گھر کے باہر رکھے گملوں کو بھی نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ایس ایچ او سرور روڈ نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔









