4

آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے کی پولنگ مکمل، ووٹوں کی گنتی جاری

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں 14 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، جبکہ خواتین ووٹرز کی بڑی تعداد نے بھی پولنگ میں حصہ لیا۔

انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں۔ میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے، جن میں میرپور کے 4 حلقوں، کوٹلی کے 6 حلقوں اور بھمبر کے 3 حلقوں کے پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔

پولنگ کے دوران کوٹلی کے علاقے نکیال میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد کچھ دیر کے لیے پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بڈھانوی کے مطابق فائرنگ میں پیپلز پارٹی کا کارکن مختیار جاں بحق ہوا۔

دوسری جانب بھمبر کے علاقے دربار بابا شادی شہید کے پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے بیلٹ باکس چھین کر آگ لگا دی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق متاثرہ بیلٹ باکس میں 232 ووٹ موجود تھے۔ مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کرانے یا نہ کرانے کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

آئی جی پولیس آزاد کشمیر لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا کہ عوام نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ انتخابات کو پرامن بنانے کے لیے تمام ادارے متحرک رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اب تمام نظریں انتخابی نتائج اور کامیاب امیدواروں کے اعلان پر مرکوز ہیں۔