4

مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ: بھارت افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہا ہے، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مانجھی خیل چیک پوسٹ پر انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں فوج، پولیس اور محکمہ جنگلات کے اہلکار شہید ہوئے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس بزدلانہ حملے میں 1300 کلوگرام سے زائد بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ گورنر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی افواج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ایسی کارروائیاں ہمارے بہادر جوانوں اور عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں ہم بیرونی اور اندرونی محاذوں پر جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے سنگین الزام عائد کیا کہ ہندوستان 'فتنہ الخوارج' کے ذریعے افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے، جبکہ افغانستان میں عالمی طاقتوں کا چھوڑا گیا جدید اسلحہ بھی اکثر پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیل اور بھارت ہر محاذ پر پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے مانجھی خیل حملے کے زخمی غازیوں کی عیادت کا ذکر کرتے ہوئے ان کے بلند حوصلوں کو سراہا۔ گورنر نے اعلان کیا کہ آر پی او ڈی آئی خان کی سفارشات وفاقی حکومت تک پہنچائی جائیں گی اور وہ زخمی اہلکاروں کے شہداء و زخمی پیکیج میں اضافے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے بات کریں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ صوبائی حکومت کو وفاق کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہونا پڑے گا تاکہ متحد ہو کر اس فتنے کا مقابلہ کیا جا سکے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا صوبہ دہشت گردی کا پہلا نشانہ بنتا ہے لیکن پولیس کے جوان بہادری سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے صوبے بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وہ اس سلسلے میں جلد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات کر کے آئندہ کی حکمت عملی پر بات کریں گے۔