6

سیوریج لائن کی صفائی کے دوران واسا کے 2 ملازمین جاں بحق

پنجاب کے ضلع وہاڑی میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں واسا کے دو ملازمین جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ پرانے لاری اڈے کے قریب مین سیوریج لائن کی صفائی کے دوران پیش آیا، جہاں کام کرنے والے دونوں ملازمین گٹر کے اندر گر گئے اور جانبر نہ ہو سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں ملازمین مبینہ طور پر حفاظتی سامان کے بغیر صرف رسے کے ذریعے سیوریج لائن میں اترے تھے۔ کام کے دوران رسہ چھوٹ جانے کے باعث دونوں افراد گٹر میں گر گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملازمین کی لاشیں نکال لیں، جنہیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ضلع خانیوال سے تھا۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے حادثے کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

سیوریج لائنوں کی صفائی کے دوران حفاظتی اقدامات کی اہمیت ایک بار پھر اجاگر ہوگئی ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق ایسے کاموں کے دوران حفاظتی کٹس اور ضروری آلات کا استعمال انتہائی ضروری ہوتا ہے۔