12

مون سون بارشوں کی تباہی، نقصانات کی مکمل رپورٹ جاری

ملک بھر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلات سامنے آگئیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 54 زخمی ہوئے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 26 جون سے 23 جولائی تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 81 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 241 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق افراد میں 35 بچے، 27 مرد اور 19 خواتین شامل ہیں۔ سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں ریکارڈ کی گئیں جہاں 47 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ پنجاب میں 21، آزاد کشمیر میں 7 اور بلوچستان میں 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران پنجاب میں 154، خیبرپختونخوا میں 70، بلوچستان میں 15 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال سے 387 گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ 207 مویشی بھی سیلاب کی نذر ہوگئے۔ اس کے علاوہ ساڑھے 6.7 کلومیٹر سڑکیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔