3

بلاول بھٹو سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی اہم ملاقات

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ نے ملاقات کی، جس میں گلگت بلتستان سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے اسمبلی سے منظور ہونے والی قرارداد اور اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے بلاول بھٹو زرداری کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں گلگت بلتستان کے سیاسی، آئینی اور ترقیاتی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ خطے کے مستقبل سے متعلق امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

واضح رہے کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا معاملہ سیاسی حلقوں میں اہم موضوع بنا ہوا ہے، جس پر مختلف سطحوں پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔