1

بلوچستان میں کامیاب کارروائی، سہولت کار سمیت متعدد دہشت گرد گرفتار، 6 دہشت گرد ہلاک

اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد کو گرفتار کرلیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران دہشت گردوں کے خلاف مؤثر آپریشن کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی میں متعدد دہشت گرد گرفتار بھی کیے گئے، جن میں مبینہ سہولت کاروں کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں تباہ کردی گئیں، جبکہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

حکام کے مطابق آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کی مکمل نگرانی برقرار رکھی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کردیا ہے۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے آپریشنز جاری رہیں گے۔