4

مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں چھتیں گرنے اور سیلابی حادثات سے 23 افراد جاں بحق

مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں چھتیں گرنے اور سیلابی حادثات سے 23 افراد جاں بحق

لاہور/پشاور: ملک کے مختلف حصوں میں جاری مون سون کے طاقتور سپیل کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں، چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات اور سیلابی ریلوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ مختلف حادثات میں اب تک 23 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں جبکہ متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں بارشوں کے دوران چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف حادثات میں 9 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ لاہور کے علاقے رائیونڈ (کوٹ بابو خان) اور بند روڈ گلشن راوی، پاکپتن، گجرات، گوجرانوالہ، اور سہیوال میں چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے کے پے در پے حوادث پیش آئے، جن میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد جاں بحق و زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا یہ موجودہ سلسلہ 24 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب، خیبرپختونخوا میں بھی بارشوں نے تباہی مچائی ہے جہاں پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، چترال، دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، تورغر، کرم اور شمالی وزیرستان میں پیش آنے والے حادثات میں 14 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 مرد، 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔ بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث اب تک 28 مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 6 گھر مکمل طور پر منہدم جبکہ 22 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ کے پی میں بارشوں کا یہ سلسلہ 23 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔