1

مشہور یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے شادی کر لی

واشنگٹن: دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ انہوں نے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی معروف کانٹینٹ کریئیٹر تھیا بویسن کے ساتھ نجی تقریب میں شادی کر لی۔

مسٹر بیسٹ نے اپنی شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا، "I Found MrsBeast" اور اسے اپنی زندگی کا بہترین دن قرار دیا۔

رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب رچرڈ برانسن کے نجی جزیرے نیکر آئی لینڈ پر منعقد ہوئی، جس میں خاندان اور قریبی دوستوں سمیت تقریباً 70 مہمان شریک ہوئے۔ شادی کی تقریبات 14 جولائی سے شروع ہوئیں اور ایک ہفتے تک جاری رہیں۔

تھیا بویسن جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی یوٹیوبر، گیمر اور مصنفہ ہیں۔ انہوں نے قانون، نفسیات اور نیورو سائیکالوجی میں تعلیم حاصل کی ہے اور متعدد مواقع پر مسٹر بیسٹ کی ویڈیوز میں بھی نظر آ چکی ہیں۔

دونوں کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقہ میں ہوئی تھی۔ ایک انٹرویو میں تھیا بویسن نے کہا تھا کہ پہلی ملاقات میں وہ مسٹر بیسٹ کی عاجزی اور ذہانت سے بے حد متاثر ہوئی تھیں۔