3

آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کا چیف الیکشن کمشنر سےانٹرنیٹ سروس بحالی کامطالبہ

پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین نے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کو خط لکھ کر انٹرنیٹ سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

خط میں چوہدری محمد یاسین نے مؤقف اختیار کیا کہ انٹرنیٹ کی بندش کے باعث آزاد کشمیر میں انتخابی مہم شدید متاثر ہو رہی ہے، جبکہ ووٹرز کو بروقت اور درست معلومات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ انٹرنیٹ سروس کی معطلی شفاف اور منصفانہ انتخابی عمل میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر نے خط میں کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش سے فیک نیوز اور افواہوں کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے ووٹرز کے حقِ معلومات کا تحفظ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

چوہدری محمد یاسین کا کہنا تھا کہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے انٹرنیٹ کی دستیابی ضروری ہے، جبکہ انتخابی مہم کے بلا تعطل تسلسل کے لیے سروس کی بحالی ناگزیر ہے۔

انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کرکے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس بحال کرائی جائے۔