4

مسلح افواج نے جدید ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی سے سرحدوں کا دفاع کیا: شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، خودکار نظام اور سائبر سکیورٹی کے استعمال سے پاکستان اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔

اسلام آباد میں انڈس روبوٹکس اینڈ آٹونومس سسٹم ایکسپو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ نمائش اور اس نوعیت کے اقدامات پاکستان کو 21ویں صدی کی جدید ٹیکنالوجی میں صف اول کے ممالک میں شامل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال باعث فخر ہے، جبکہ پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرونز کی 60 فیصد سے زائد تیاری مقامی سطح پر حاصل کر لی گئی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی نے دفاعی شعبے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور مسلح افواج نے خودمختار نظام اور سائبر سکیورٹی کے ذریعے ملکی سرحدوں کے دفاع کو مزید مؤثر بنایا ہے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایئر چیف اور نیول چیف کی معاونت بھی قابلِ تعریف رہی ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا عمل جاری رکھے گا۔