3

حکومت سے مذاکرات ناکام، پمپ مالکان کا پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان

آل پاکستان پٹرول پمپس ایسوسی ایشن نے حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد کل رات 12 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپ غیر معینہ مدت کیلئے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

جنرل سیکریٹری آل پاکستان پٹرول پمپس ایسوسی ایشن نعمان علی بٹ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ وزارت پیٹرولیم کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں، حکومت کے مجوزہ ڈیلی پرائس میکنزم کو مسترد کرتے ہیں۔

نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کی ناکامی کے بعد کل رات 12 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کر دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کے نئے پرائسنگ میکنزم کے تحت اوگرا کو پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرنے کا اختیار دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

نئے نظام کے مطابق قیمتوں کا تعین گزشتہ 7 روز کی عالمی مارکیٹ کی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔