نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی، فلیش فلڈ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 19 سے 23 جولائی کے دوران مشرقی و مغربی دریاؤں، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، جبکہ 20 سے 23 جولائی تک مون سون اور مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب میں شدید بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔
ادارے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں ہل ٹورنٹس، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ دریائے چناب، جہلم اور کابل سمیت مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ سیالکوٹ، نارووال، گجرات، مریدکے، ڈی جی خان، راجن پور، مری اور گلیات سمیت متعدد علاقوں میں فلیش فلڈ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی 20 سے 24 جولائی کے دوران دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر وارننگ جاری کر دی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق متعلقہ اداروں، ریسکیو 1122، واسا اور ضلعی انتظامیہ کو تمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ ایمرجنسی کنٹرول رومز کو فعال رکھنے کا کہا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں، زیر آب سڑکوں، دریاؤں کے کناروں اور خطرناک علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔
حکام کے مطابق عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔









