5

لاہور: ویلنشیا ٹاؤن میں خاتون اور 3 بچوں کی ہلاکت کیس میں اہم پیشرفت

لاہور کے علاقے ویلنشیا ٹاؤن میں خاتون اور ان کے تین بچوں کی ہلاکت کے افسوسناک واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جس میں پولیس نے اہم پیش رفت کا دعویٰ کیا ہے۔

انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق جاں بحق خاتون کی امریکا اور کینیڈا میں مقیم بہنوں سے رابطہ کیا گیا، جن کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق خاتون کی بہنوں نے بتایا کہ وہ ذہنی عارضے کا شکار تھیں۔ اہل خانہ کے مطابق پاکستان آنے سے قبل خاتون نے اپنی طبیعت میں بہتری کا ذکر کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے ادویات کا استعمال بھی کم کر دیا تھا۔

حکام کے مطابق واقعے کے سلسلے میں زیر حراست بچوں کے والد کو ابتدائی تفتیش کے بعد رہا کر دیا گیا ہے، تاہم کیس کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات بدستور جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ممکنہ وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور شواہد کی بنیاد پر تفتیش کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ویلنشیا ٹاؤن کے ایک گھر سے خاتون اور تین بچوں کی لاشیں ملی تھیں۔ جاں بحق افراد کی شناخت علینہ، ریحان، ارشیہ اور ارسل کے نام سے ہوئی تھی۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے گئے، جبکہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔