محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پیر سے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا ایک نیا سسٹم داخل ہوگا، جو ملک کے مختلف حصوں کو متاثر کرے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، مری اور خطہ پوٹھوہار میں 19 سے 23 جولائی تک بارش کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی سمیت پنجاب کے بعض علاقوں میں شہری سیلاب اور زیرِ آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں 19 سے 23 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں اسی عرصے کے دوران آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر میں 18 سے 25 جولائی کے دوران موسلادھار بارشیں متوقع ہیں، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی 18 سے 25 جولائی تک شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ رابطوں اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو پیشگی اطلاع نظام کو مکمل فعال بنانے، ہنگامی تیاریوں اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ جاری تعاون سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔









