آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 24 سدھنوتی-2 بلوچ کے انتخابات ایک امیدوار کے انتقال کے باعث ملتوی کر دیے۔
آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق حلقے سے امیدوار زاہد یاسین کے انتقال کے بعد ریٹرننگ افسر نے انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش الیکشن کمیشن کو بھجوائی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے متعلقہ قوانین اور انتخابی قواعد و ضوابط کے مطابق ریٹرننگ افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے حلقہ ایل اے 24 سدھنوتی-2 بلوچ میں انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی قوانین کے تحت اگر کسی حلقے میں کسی امیدوار کا انتقال ہو جائے تو اس حلقے میں انتخابی عمل روک دیا جاتا ہے اور نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جاتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایل اے 24 سدھنوتی-2 بلوچ میں انتخابات کے انعقاد کے لیے نیا شیڈول مناسب وقت پر جاری کر دیا جائے گا۔









