اسلامی ہجری تقویم کے مہینوں میں ماہِ صفر المظفر ایک تابندہ اور روشن مہینہ ہے، جو اپنی آغوش میں گراں قدر تاریخی واقعات، اہل بیتِ اطہار کی نسبتیں اور اولیاء کاملین کے فیوض و برکات سموئے ہوئے ہے۔ بدقسمتی سے معاشرے میں اس مقدس مہینے کے حوالے سے کئی ایسے فرسودہ تصورات اور توہمات نے جگہ بنا لی ہے جن کا حقیقت، قرآن و سنت کی تعلیمات اور اسلامی مزاج سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔
اسلام نے کائنات کے ہر لمحے کو اللہ تعالیٰ کی تخلیق قرار دے کر ان تمام جاہلی تصورات کی جڑ کاٹ دی ہے جو زمانوں کو منحوس یا مبارک سمجھ کر انسانی زندگی کو خوف اور توہمات کی زنجیروں میں جکڑتے ہیں۔ ارشادِ نبویﷺ کی روشنی میں بدشگونی شرک کے قریب ہے، اور یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ کائنات کا کوئی دن، کوئی مہینہ اور کوئی ساعت بذاتِ خود منحوس نہیں ہو سکتی۔ کسی مہینے کو ’’بلاؤں کا مہینہ‘‘ قرار دینا سراسر بے بنیاد، جہالت کی باقیات اور اللہ کی ذات پر کامل توکل کے منافی ہے۔
صفر المظفر کی اصل حقیقت اس کے برعکس انتہائی بابرکت ہے۔ تاریخ اسلام کے اوراق بتاتے ہیں کہ اسی مہینے میں پیکرِ عصمت و حیا، سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا اور سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ الکریم کا نکاحِ مسعود وقوع پذیر ہوا، جو اہل بیتِ اطہار کی محبت کا وہ لازوال سلسلہ ہے جو امت کے لیے باعثِ سعادت ہے۔ اسی طرح اولیاء کاملین اور سلف صالحین کے عرس اور ان کی یادیں اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ یہ مہینہ رحمتوں اور فیوض کا گہوارہ ہے۔
معاشرے میں اس مہینے کے بارے میں پائی جانے والی من گھڑت روایات، مثلاً اسے آفات کا مہینہ سمجھنا، شادی بیاہ سے گریز کرنا، مخصوص تعداد میں آیات پڑھنا، آٹے کی گولیاں تالاب میں ڈالنا یا مٹی کے برتن توڑنا، محض توہم پرستی اور غیر شرعی افعال ہیں۔ ان کا شریعت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان سے اجتناب لازم ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی فکری اصلاح کریں۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ منحوس مہینہ نہیں، بلکہ انسان کے برے اعمال اور اللہ کی نافرمانی ہوتی ہے۔ شریعت ہمیں خوفزدہ کرنے کے بجائے صدقہ و خیرات کرنے، درود و سلام پڑھنے اور اللہ پر پختہ یقین رکھنے کا درس دیتی ہے۔ آئیے، ماہِ صفر کو توہمات کی تاریکیوں سے نکال کر توحیدِ باری تعالیٰ، اطاعتِ رسولِ کریمﷺ اور اولیاء اللہ کی تعلیمات کے فروغ کے لیے وقف کریں، تاکہ ہم اپنی زندگی کا ہر لمحہ اللہ کی رحمتوں کے سایے میں بسر کر سکیں۔









