5

ایف بی آر کے کسٹمز رولز میں مزید ترامیم کا نوٹیفکیشن جاری

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کسٹمز نظام کو مزید مؤثر اور محفوظ بنانے کے لیے کسٹمز رولز 2001 میں اہم ترامیم کر دی ہیں۔

نئے قواعد کے تحت رسک مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے منتخب کیے جانے والے کارگو کی اسکیننگ لازمی قرار دے دی گئی ہے، جبکہ آئی ٹی کارگو کی بندرگاہ سے بندرگاہ منتقلی صرف لائسنس یافتہ بانڈڈ کیریئرز کے ذریعے کی جا سکے گی۔

ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کنٹینرائزڈ کارگو کی منتقلی کے لیے 30 دن جبکہ بلک یا ایل سی ایل کارگو کے لیے 60 دن کی مدت مقرر کی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیر معمولی حالات میں چیف کلیکٹر کسٹمز مدت میں مزید توسیع کی منظوری دے سکتے ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق سیل نمبر اور کنٹینر نمبر کی لازمی شرط صرف کنٹینرائزڈ کارگو پر لاگو ہوگی، جبکہ آئی ٹی کارگو کی نقل و حرکت ٹریکنگ اینڈ مانیٹرنگ آف کارگو رولز 2023 کے تحت کی جائے گی۔

نئی ترامیم کے تحت آئی ٹی کارگو کی بندرگاہ سے بندرگاہ منتقلی کراچی کی آمدی بندرگاہ، ایئرپورٹ یا کراچی کی دیگر بندرگاہوں کے ذریعے صرف لائسنس یافتہ بانڈڈ کیریئرز کے ذریعے ممکن ہوگی۔

اسی طرح کسٹمز حکام کو ڈرائی بلک کارگو کی پیکنگ کی اجازت دینے کا اختیار بھی دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ کلیکٹر کسٹمز کی جانب سے مقرر کردہ کارگو کو لازمی اسکیننگ کے مرحلے سے گزارا جائے گا۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد کارگو نگرانی کو بہتر بنانا، تجارت کو محفوظ بنانا اور کسٹمز کلیئرنس کے نظام میں شفافیت لانا ہے۔