وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں ضم شدہ اضلاع اور مالاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے معاملے پر ایک اہم گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں صوبائی حکومت کی اعلیٰ قیادت، گورنر خیبرپختونخوا اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
جرگے کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کی۔ اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی، صوبائی کابینہ کے اراکین، خیبرپختونخوا سے منتخب سینیٹرز، مختلف سیاسی جماعتوں کی صوبائی قیادت اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے ضم شدہ اضلاع اور مالاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف درپیش مسائل اور عوامی تحفظات پر تفصیلی غور و خوض کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ اس گرینڈ جرگے کا بنیادی مقصد ان علاقوں کے عوام کو درپیش معاشی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف ایک متفقہ لائحہ عمل اور مشترکہ حکمتِ عملی طے کرنا ہے۔ اجلاس کے دوران شرکاء نے مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں جن پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ جرگے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب قانونی اور سیاسی راستے اختیار کرے گی۔









