چاکیواڑہ پولیس نے لیاری میں جماعت اسلامی کے دفتر پر ہونے والے دستی بم حملے کا مقدمہ درج کرلیا، جس میں جماعت اسلامی کے حلقہ ناظم سمیت 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق واقعہ منگل کی شب کراچی کے علاقے لیاری، پھول پتی لین، حاجی بچل روڈ پر پیش آیا، جہاں دستی بم حملے کے نتیجے میں جماعت اسلامی کے حلقہ ناظم سمیت تین افراد چھرے لگنے سے زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ جماعت اسلامی کے مقامی ناظم حلقہ عبدالباقی کی مدعیت میں ایک نامعلوم ملزم کے خلاف درج کیا گیا ہے، جس میں ایکسپلوزو ایکٹ، انسداد دہشت گردی ایکٹ اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مدعی مقدمہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا کہ جماعت اسلامی سے وابستگی اور فلاحی سرگرمیوں کے آغاز کے بعد انہیں مختلف نامعلوم ذرائع سے دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں۔
عبدالباقی کے مطابق نامعلوم ملزم نے مبینہ طور پر جان سے مارنے کی نیت اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ہینڈ گرنیڈ پھینکا، جس کے پھٹنے سے تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ تحقیقات کی ذمہ داری تھانہ چاکیواڑہ کے انچارج سی آئی سی کو سونپ دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔









