69

ایف آئی اے کی کارروائی، 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور چاندی برآمد

ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن ونگ نے کراچی کے علاقے صدر میں کارروائی کرتے ہوئے 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور چاندی برآمد کرلیا۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت طارق کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے 40 تولہ سونا، 64 کلوگرام چاندی اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ برآمد ہونے والا سونا اور چاندی اسمگل شدہ ہے۔ ملزمان افغانستان، ایران اور چین سے قیمتی دھاتیں اسمگل کرکے ملک میں لاتے تھے۔

حکام کے مطابق ملزمان مشینری کے ذریعے سونے اور چاندی کے بسکٹ تیار کرتے اور انہیں غیر قانونی طور پر فروخت کرتے تھے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے، جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔