اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور امن کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 16 اپریل کو دوحہ کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امیرِ قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں خطے میں امن کے فروغ کے لیے اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں نہایت مفید ثابت ہوئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام امیرِ قطر کے جلد پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں، اور یہ دورہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پاکستانی خبریں
قطر کے وزیراعظم نے پاکستان کی خطے میں امن و استحکام کے لیے مسلسل کوششوں کو سراہا اور یقین دلایا کہ قطر، مشرقِ وسطیٰ میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔









