کراچی: سماجی کارکن شیما کرمانی اور دیگر انسانی حقوق کی خواتین ورکرز کی گرفتاری اور مبینہ بدسلوکی کے واقعے پر سندھ پولیس کے تین افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈی ایس پی صدر ناصر آفریدی، ایس ایچ او ویمن حنا مغل اور ایس ایچ او تھانہ آرٹلری میدان ندیم حیدر کو فوری طور پر معطل کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد وزیر داخلہ سندھ ضیاء لنجار نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کے ناجائز استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور کسی بھی صورت میں اس کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ سندھ نے واضح کیا کہ خواتین کے احترام اور انسانی حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے ہر سطح پر اقدامات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں سندھ پولیس نے شیما کرمانی سمیت دیگر انسانی حقوق کی کارکنوں کو کراچی پریس کلب کے باہر سے حراست میں لیا تھا، تاہم بعد ازاں انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔









