چارسدہ میں شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس پر حملے کے واقعے کی تفتیش میں پیش رفت سامنے آئی ہے، اور پولیس نے مبینہ حملہ آور نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا ہے۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مشتبہ افراد کی تصاویر حاصل کر لی گئی ہیں، جن میں سے ایک ملزم کی شناخت بھی کر لی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شناخت ہونے والا مبینہ دہشت گرد کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتا ہے۔
تفتیشی ٹیم نے مولانا محمد ادریس کے ڈرائیور کا بیان بھی قلمبند کر لیا ہے جبکہ جائے وقوعہ پر موجود موبائل فون ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مردان ریجن کے پرانے ہائی پروفائل کیسز کے ملزمان کو بھی تفتیش میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ممکنہ روابط کا پتہ چلایا جا سکے۔
حکام کے مطابق مولانا ادریس کی گاڑی کا تعاقب کرنے والے مشتبہ افراد کی پروفائلنگ جاری ہے اور شناخت شدہ ملزم کے مکمل کوائف اور نیٹ ورک سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
تفتیشی اداروں کا کہنا ہے کہ کیس کی مختلف زاویوں سے چھان بین جاری ہے اور جلد مزید اہم پیش رفت سامنے آنے کا امکان ہے۔









