46

وزیرِ صحت کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سےاہم ملاقات

وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے سعودی سفارتخانے میں ملاقات کی، جس میں کنگ سلمان ہسپتال منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیرِ صحت نے شعبۂ صحت میں سعودی عرب کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کنگ سلمان ہسپتال کا قیام دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور یہ منصوبہ پاکستانی عوام کے لیے ایک اہم تحفہ ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس منصوبے کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے اور اس کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ وزیرِ اعظم بھی اس منصوبے کی پیش رفت کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

اس موقع پر سعودی سفیر نے پاکستان کی ترقی کے لیے سعودی عرب کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور تعاون کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔