شہر کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے باعث افسوسناک واقعات میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بعض افراد نشے کے عادی بھی تھے، جبکہ کئی افراد کی اموات شدید گرمی کی وجہ سے ہوئیں۔
شہر میں ان دنوں رواں سال کی سب سے شدید ہیٹ ویو جاری ہے، صبح سے ہی گرم اور خشک ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 44.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو رواں سال کا اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
دوسری جانب ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہا، جبکہ دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
شدید گرمی کے باعث کراچی کے اسپتالوں میں سانس اور دمے کے مریضوں کی تعداد میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔









