لاہور: شہر میں گزشتہ پانچ برس کے دوران اغوا کی جانے والی خواتین سے متعلق تشویشناک رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق سینکڑوں خواتین کا اب تک کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق 2021 سے 2025 کے دوران لاہور سے اغوا ہونے والی 824 خواتین تاحال لاپتا ہیں۔ ان تمام واقعات کے مقدمات درج کیے گئے، مگر متاثرہ خواتین کی بازیابی ممکن نہ ہو سکی۔
اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ کینٹ ڈویژن اس حوالے سے سب سے زیادہ متاثر رہا، جہاں سے اغوا ہونے والی 282 خواتین کا کوئی پتا نہیں چل سکا۔ صدر ڈویژن میں 152 اور سٹی ڈویژن میں 124 خواتین تاحال لاپتا ہیں۔
اسی طرح ماڈل ٹاؤن ڈویژن کی 110 اور اقبال ٹاؤن ڈویژن کی 100 خواتین بھی بازیاب نہ ہو سکیں، جبکہ سول لائنز ڈویژن سے اغوا ہونے والی 56 خواتین کا بھی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔
پولیس حکام کے مطابق تمام کیسز میں قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، تاہم بیشتر مقدمات میں تاحال کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی، جس سے شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔









