70

افغانستان تاجکستان بارڈر پر فائرنگ، 2 اسمگلرز ہلاک

افغانستان سے تاجکستان کی سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران دو افغان منشیات اسمگلرز تاجک سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

کرغز جریدے دی ٹائمز آف سینٹرل ایشیا کے مطابق تاجک سکیورٹی حکام نے بتایا کہ افغان اسمگلرز نے ضلع فرخور کے علاقے میں غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی کوشش کی، جس پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دونوں اسمگلرز سے 25 کلوگرام منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وسطی ایشیائی ممالک پہلے ہی افغانستان کی غیر مستحکم سیاسی، معاشی اور سکیورٹی صورتحال کو خطے کے لیے خطرہ قرار دیتے آئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں ایسے واقعات خطے کی سکیورٹی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں، جبکہ افغانستان اور تاجکستان کے درمیان طویل اور دشوار گزار سرحد کی نگرانی ایک بڑا چیلنج ہے۔