صوبہ بھر میں انسدادِ دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر وسیع پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مجموعی طور پر 113 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران خوشاب، میانوالی، راولپنڈی، جھنگ، بھکر، لاہور، فیصل آباد، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ سمیت مختلف اضلاع میں چھاپے مارے گئے۔
ترجمان کے مطابق ضلع جھنگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک خطرناک خودکش بمبار غازی مرجان کو خودکش جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح سرگودھا میں حساس اداروں پر حملوں میں ملوث دہشت گرد ملے خان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد پولیس چوکیوں پر حملوں کی مکمل منصوبہ بندی کر چکے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے باعث ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا گیا۔
کارروائیوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور ممنوعہ مواد بھی برآمد کیا، جن میں دھماکہ خیز مواد، خودکش جیکٹس، 14 ڈیٹونیٹرز، 25 فٹ حفاظتی فیوز وائر، کالعدم تنظیموں کا لٹریچر، ممنوعہ اسٹیکرز اور نقدی شامل ہیں۔
گرفتار دہشت گردوں کی شناخت غازی مرجان، معین خان، اصیل دین، ناصر شاہ، نصیب خان، ابرار، یوسف، مالے خان اور اسام سمیت دیگر ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 2830 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں 95 ہزار 755 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 190 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔









