112

حکومت کا ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان

اسلام آباد میں قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 135 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کے تحت ڈیزل 385 روپے اور پیٹرول 366 روپے فی لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اربوں روپے کی سبسڈی بھی دی۔

وزیراعظم نے خطے کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خلیج میں کشیدگی کے بجائے اب امن کی بات ہو رہی ہے، اور ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس اہم سفارتی عمل کی میزبانی کا موقع ملا ہے، جو نہ صرف ملک بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

وزیراعظم نے عوام کے صبر و تحمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت معیشت کی بہتری اور عوامی ریلیف کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔