67

میرپورخاص میں میڈیکل طالبہ کی پراسرار موت ، ہراسانی کے الزامات پر تحقیقات تیز

میرپورخاص میں نجی میڈیکل کالج کی تیسرے سال کی طالبہ فہمیدہ لغاری کی پراسرار موت کے واقعے پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ میڈیکل کالج سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی نے واقعے کی مکمل انکوائری کے لیے صوبائی حکومت سے رپورٹ بھی مانگ لی ہے۔

کونسل کے مطابق طلبہ کو ہراسانی سے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار ہے، اور اگر کسی بھی فیکلٹی ممبر یا ادارے کی جانب سے غفلت یا زیادتی ثابت ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر رضوان تاج نے کہا ہے کہ معاملے کی ڈسپلنری کمیٹی میں مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی، جبکہ طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہراسانی کی صورت میں براہِ راست ہراسمنٹ کمیٹی سے رابطہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فہمیدہ لغاری نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کیا، جبکہ ورثا نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں کالج کے ایک ٹیچر کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا تھا۔