118

قلات میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شہری گھروں سے باہر نکل آئے

بلوچستان کے ضلع قلات میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 11 کلومیٹر زیر زمین تھی۔ زلزلے کا مرکز قلات سے تقریباً 50 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اچانک محسوس ہوئے، جس سے گھروں کی دیواریں اور کھڑکیاں لرز اٹھیں۔ کئی علاقوں میں لوگ خوف کے باعث کھلے مقامات پر جمع ہوگئے اور کافی دیر تک صورتحال کے معمول پر آنے کا انتظار کرتے رہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم متعلقہ ادارے صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔

ریسکیو ذرائع نے کہا کہ ایمرجنسی ٹیمیں تیار رکھی گئی ہیں اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری خوف و ہراس سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ کریں۔