51

خیبرپختونخوا میں نئے ترقیاتی منصوبے، ہر تحصیل میں ریسکیو اسٹیشنز اور سیاحت و کھیل کے فروغ کی ہدایت

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا، جس میں 2026-27 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے نئے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سماجی بہبود، کھیل، سیاحت، ریلیف اور ٹرانسپورٹ سیکٹرز کے اہم منصوبے پیش کیے گئے۔

وزیراعلیٰ نے تمام تحصیلوں میں ریسکیو اسٹیشنز کی دستیابی یقینی بنانے، صوبے کی سوشیو اکنامک رجسٹری دسمبر تک مکمل کرنے اور الیکٹرک بائیکس و سکوٹیز کی صنعت اور ہیلی ٹورازم کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو زمونگ کور کے نئے سنٹرز، گونگے بہرے بچوں کے سکولز، موجودہ سکولوں اور دارالامانوں کی اپ گریڈیشن، نئے دارالامان اور بایونک آرٹیفیشل لمبز ورکشاپس کی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔

ہزارہ و مالاکنڈ میں تحصیل گراؤنڈز، بٹگرام و دیر اپر میں سپورٹس کمپلیکسز، خواتین کے لیے ان ڈور گیمز کی سہولیات، جوان مراکز، نئے سیاحتی مقامات کی دریافت، آثار قدیمہ کی بحالی، تاریخی ٹرین اسٹیشنوں کی بحالی اور ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے منصوبے بھی زیر غور آئے۔

مزید برآں کوہاٹ تا خرلاچی ریل سروس، سب اربن ٹرین، ڈبل ڈیکر الیکٹرک بسیں، بی آر ٹی پشاور کی چارسدہ، نوشہرہ اور خیبر تک توسیع، نئے ریسکیو اسٹیشنز اور مائننگ والے اضلاع میں ایمرجنسی ریسکیو سروس کی توسیع کے منصوبے بھی پیش کیے گئے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ترقی کے ثمرات ہر علاقے تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور آنے والا ترقیاتی پروگرام صوبے کی معاشی و سماجی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔