110

پیٹرول مہنگا کیوں ہوا؟ رانا ثنااللہ نے اصل وجہ بتا دی

فیصل آباد: رانا ثنااللہ نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر حکومتی مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اضافے میں حکومت کا کوئی براہِ راست عمل دخل نہیں، بلکہ اس کی بڑی وجہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ ہے۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ ابتدا میں توقع تھی کہ جنگ چند ہفتوں میں ختم ہو جائے گی، تاہم صورتحال طول پکڑ گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی مکمل پاسداری کر رہا ہے۔

رانا ثنااللہ کے مطابق وزیراعظم اور عسکری قیادت کی کوششوں کے باعث تیل کی سپلائی میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں آئی، لیکن عالمی حالات کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر اس معاملے کو سیاسی رنگ دے کر احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر احتجاج کرنا ہے تو حکومتِ پاکستان کے خلاف نہیں بلکہ بنیامین نیتن یاہو کے خلاف ہونا چاہیے، کیونکہ اصل وجہ مشرقِ وسطیٰ کی جنگ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اس جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششوں کو دیکھا جا رہا ہے، اور اس نازک وقت میں پوری قوم کو متحد ہو کر ملک کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔