116

خیبرپختونخوا حکومت نے کفایت شعاری کے تحت اربوں روپے کے فنڈز روک دیئے

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں کفایت شعاری مہم کے تحت محکموں کے سالانہ ترقیاتی منصوبوں اور جاری اخراجات کے لیے مختص 25 ارب روپے سے زائد کے فنڈز عارضی طور پر روک دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت، بی آر ٹی، ریسکیو سروسز اور پولیس کو اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں ان شعبوں کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔

حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی خزانے پر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں دباؤ نہیں پڑے گا، تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے واجبات بروقت موصول نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے۔ گزشتہ ماہ وفاقی حکومت نے مختص 61 ارب روپے میں سے صرف 17 ارب روپے جاری کیے، جس کے باعث تقریباً 40 ارب روپے کی کمی سے محکموں کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ ترقیاتی اور جاری بجٹ عارضی طور پر روکنے کے باوجود محکموں کی روزمرہ کارکردگی پر اثر نہیں پڑے گا، اور یہ اقدام صرف مالی نظم و ضبط اور کفایت شعاری کے لیے کیا گیا ہے۔