68

خیبرپختونخوا کے قرضوں کا حجم 809 ارب روپے سے تجاوز، عالمی اور ایشیائی بینک سب سے بڑے قرض دہندگان

پشاور: خیبرپختونخوا میں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران لیے گئے قرضوں کا حجم 809 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے، جس کا مقصد صوبے کے 102 ترقیاتی منصوبوں کی مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

محکمہ خزانہ کی دستاویزات کے مطابق سب سے زیادہ قرض عالمی بینک سے لیا گیا، جس کے تحت 46 منصوبوں کے لیے 352 ارب 50 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔ اسی طرح ایشیائی ترقیاتی بینک نے 44 منصوبوں کے لیے 351 ارب 80 کروڑ روپے قرض فراہم کیا۔

دستاویزات کے مطابق جولائی سے دسمبر تک حکومت نے قرضوں اور سود کی مد میں مجموعی طور پر 25 ارب 56 کروڑ روپے ادا کیے، جن میں 15 ارب 81 کروڑ روپے اصل قرض اور 9 ارب 75 کروڑ روپے سود کی ادائیگی شامل ہے۔

خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ بجٹ میں 180 ارب روپے قرض کا تخمینہ تھا، تاہم یہ پرانے قرضے ہیں جن کے معاہدے پہلے ہی دستخط ہو چکے تھے اور یہ موجودہ جاری منصوبوں کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔