48

فائیو جی سروس کا آغاز لیکن مہنگے اسمارٹ فونز کے صارفین محروم کیوں؟

اسلام آباد: پاکستان میں فائیو جی سروس کے آغاز کے باوجود مہنگے ترین اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے صارفین ابھی تک اس جدید سہولت سے محروم ہیں۔ صارفین کی بڑی تعداد اب بھی فورجی سروس استعمال کرنے پر مجبور ہے کیونکہ امریکا اور کوریا کی کمپنیوں کی منظوری کے بغیر ان کے موبائل فونز پر فائیو جی فعال نہیں ہو سکتا۔ دوسری جانب چینی کمپنیوں کے فونز پر فائیو جی سروس دستیاب ہے۔

سماء کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ امریکا اور کوریا کے موبائل فونز پر فائیو جی نہ چلنے کی اصل وجہ کیریئر کنفگریشن نہ ہونا ہے، کیونکہ ان کمپنیوں نے پاکستان کو تاحال “کنٹری وائٹ لسٹنگ” میں شامل نہیں کیا۔ تکنیکی مطابقت کے باعث چینی کمپنیوں کے اسمارٹ فونز پر فائیو جی سروس دستیاب ہے۔

پی ٹی اے ذرائع کے مطابق فائیو جی لانچ کے بعد عالمی کمپنیوں سے سرٹیفکیشن کا عمل جاری ہے اور موبائل آپریٹرز اور ڈیوائس مینوفیکچررز کے درمیان تکنیکی ہم آہنگی پر کام ہو رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی پاکستان کو وائٹ لسٹنگ میں شامل کیا جائے گا، تمام مطابقت رکھنے والے اسمارٹ فونز پر فائیو جی سروس فعال ہو جائے گی۔ پی ٹی اے، ٹیلی کام آپریٹرز اور عالمی کمپنیوں کے درمیان رابطے جاری ہیں، اور امریکی و کوریائی فونز پر بھی فائیو جی سروس جلد دستیاب ہوگی۔