109

وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو، کشیدگی کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جو ایک ہفتے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان دوسرا رابطہ ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق، یہ گفتگو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں خطے میں جاری کشیدگی اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیل کے مسلسل حملوں، بالخصوص گزشتہ روز شہری تنصیبات پر ہونے والے تازہ حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان ان مشکل حالات میں ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے 1900 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومین کے لیے دعا کی، ساتھ ہی زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اپنے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امریکہ، برادر خلیجی اور اسلامی ممالک کے ساتھ جاری سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا، جن کا مقصد امن مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے امن اقدام کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور امید ظاہر کی کہ اجتماعی کوششوں سے کشیدگی کے خاتمے کی کوئی مؤثر راہ نکلے گی۔

ایرانی صدر نے وزیراعظم کی مخلصانہ سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات کے حوالے سے اپنا مؤقف بیان کیا اور مذاکرات اور ثالثی کے لیے اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس ضمن میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔