113

پاکستان میں 5جی کا آغاز، ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی سے ڈیجیٹل ترقی کے نئے دور کا آغاز: جاز نے 180 اور زونگ نے 150 5غ سائٹس فعال کر دیں

اسلام آباد: ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان میں 5G اسپیکٹرم اور ڈیجیٹل ترقی کا نیا دور شروع ہو گیا ہے۔ ملک بھر میں اب تک 300 سے زائد 5G سائٹس فعال ہو چکی ہیں، جبکہ بڑے شہروں اور اہم مقامات پر سروس کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔

جاز نے 180 اور زونگ نے 150 5G سائٹس فعال کر دی ہیں، اور 103 موبائل برانڈز پر 2,254 ڈیوائسز میں 5G سروس فراہم کی جا رہی ہے۔ پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن نے اس اقدام کو ملک کے لیے ایک انقلابی قدم قرار دیا ہے اور 5G کی کامیاب نیلامی پر وزیرِاعظم، آئی ٹی وزارت، ایس آئی ایف سی اور پی ٹی اے کی کوششوں کو سراہا ہے۔

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد کے مطابق 5G اسپیکٹرم کے آغاز سے انٹرنیٹ کی رفتار اور معیار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ نیلامی میں تین بڑی کمپنیوں—اتصالات، چائنا موبائل اور ویون گروپ—نے پاکستان میں 50 کروڑ ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے، جبکہ جاز (ویون گروپ) نے آئندہ تین سال میں مزید 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

خرم شہزاد نے کہا کہ مقامی اور عالمی سرمایہ کاری میں یہ تسلسل ملکی معیشت کی بحالی اور پائیدار استحکام کا واضح ثبوت ہے، اور پاکستان ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں نئے سنگِ میل کی جانب گامزن ہے۔