عیدالفطر کے موقع پر خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی ریکارڈ تعداد دیکھنے میں آئی ہے، جس کے اعداد و شمار ٹورازم اٹھارٹی نے جاری کیے ہیں۔
ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کے مطابق عید کے تین دنوں کے دوران 2 لاکھ 62 ہزار سے زائد سیاح صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کر چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ سیاح وادی سوات گئے، جہاں ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد سیر و تفریح کے لیے پہنچے، جبکہ گلیات میں بھی عید کے دوران 51 ہزار 886 سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ اس دوران 76 غیر ملکی سیاح بھی خیبرپختونخوا کے مختلف سیاحتی مقامات پر موجود رہے اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوئے۔
سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد سے مقامی سیاحت کو فروغ ملا ہے، اور ہوٹلنگ، ریستوران اور دیگر متعلقہ شعبوں میں بھی نمایاں سرگرمی دیکھی گئی ہے۔









