وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر جنگ بندی کے لیے جاری سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر اور عوام کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارکباد پیش کی، جس کے جواب میں ایرانی صدر نے بھی پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے موجودہ حالات کے تناظر میں ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے خلیجی خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ ممالک پر زور دیا کہ وہ مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے مسائل کا پرامن حل تلاش کریں۔ انہوں نے اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے ایرانی قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھے گا۔









