حکومت نے 23 مارچ یومِ پاکستان کے موقع پر پریڈ اور دیگر عوامی تقریبات نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم اس دن کو سادہ اور پر وقار انداز میں منانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ خلیجی تیل بحران اور حکومت کی کفایت شعاری اقدامات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ یومِ پاکستان کی پریڈ اور دیگر بڑی تقریبات منسوخ کی جائیں گی، تاہم پرچم کشائی اور سادگی کے ساتھ خصوصی تقریبات کے ذریعے دن کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس دن کو سادہ، مگر وقار اور احترام کے ساتھ منائیں تاکہ یومِ پاکستان کے نظریات اور قوم کے عزم کو برقرار رکھا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف کفایت شعاری کو فروغ دینا ہے بلکہ قوم کے لیے یومِ پاکستان کے حقیقی پیغام کو بھی زندہ رکھنا ہے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس دن کو وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبات کے ساتھ منائیں۔









