واشنگٹن: گوگل میپس نے دس سال کی سب سے بڑی اپ گریڈ کے طور پر ایک نیا اے آئی فیچر ”آسک میپس“ متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے صارفین عام سرچ کے بجائے سیدھے سوالات پوچھ کر اپنی مطلوبہ جگہ تلاش کر سکیں گے۔
اس اے آئی ٹول کے ذریعے صارف پیچیدہ اور حقیقی زندگی سے متعلق سوالات بھی کر سکتے ہیں، مثلاً رات کے وقت لائٹس والی ٹینس کورٹ یا گھنگریالے بالوں کے لیے مخصوص ہیئر سیلون۔ آسک میپس صارف کے پچھلے سرچ ریکارڈ، سرگرمیوں، ویب سائٹس، تصاویر اور دیگر صارفین کے تبصروں سے معلومات حاصل کرتا ہے تاکہ زیادہ درست اور ذاتی نوعیت کے نتائج فراہم کیے جا سکیں۔
گوگل میپس کی وائس پریزیڈینٹ مریم ڈینیئل نے کہا کہ یہ اپ ڈیٹ صارفین کو حقیقی دنیا کے منصوبے فوری طور پر عملی شکل دینے میں مدد دے گا۔ نئے فیچر کے ذریعے صارفین مقامی مقامات، مشہور جگہوں اور ریستوران کے بارے میں تصاویر، ریویوز اور دیگر تفصیلات کے ساتھ معلومات حاصل کر سکتے ہیں، جیسے کھانے کے لیے ٹیک اوے کی سہولت یا انتظار کا وقت۔
اپ ڈیٹ میں ڈرائیونگ ڈائریکشنز کے ڈیزائن کو بھی بہتر بنایا گیا ہے، اور نقشے میں کچھ عمارتیں شفاف دکھائی جائیں گی تاکہ ڈرائیور موڑ سے پہلے ہی راستے کا اندازہ لگا سکے۔
گوگل کے مطابق یہ نئی خصوصیات جمعرات سے موبائل ایپ میں مرحلہ وار دستیاب ہوں گی، اور جلد ہی انہیں ایپل کار پلے میں بھی شامل کیا جائے گا۔ آئندہ چند ہفتوں میں مزید صارفین تک ”آسک میپس“ اور دیگر اے آئی ٹولز مہیا کر دیے جائیں گے۔








