جدہ: پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میں مشکل اور آزمائشی حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے تناظر میں جدہ میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال اور اہم پیش رفت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات برقرار رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور دونوں ممالک اپنے قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔









