پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام فائیو جی انٹرنیٹ کی نیلامی کا دوسرا مرحلہ باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان، پی ٹی اے بورڈ کے ممبران اور اعلیٰ حکام موجود ہیں۔
2600 میگا ہرٹز سپیکٹرم کی پوزیشن کے لیے بولی کا آغاز چیئرمین پی ٹی اے اور بورڈ ممبران نے کیا، جس میں تینوں ٹیلی کام کمپنیاں آن لائن حصہ لے رہی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ہر راؤنڈ 15 منٹ کا ہوگا اور آج کے مرحلے میں آپریٹرز بینڈ کی پوزیشننگ کے لیے بولی دیں گے۔
ڈی جی لائسنسنگ عامر شہزاد نے بتایا کہ پہلے 2600 میگا ہرٹز بینڈ میں بولی ہوگی، جبکہ 3500 میگا ہرٹز کی بولی بعد میں ہوگی۔ اگر ایک بینڈ پوزیشن کے لیے دو آپریٹرز حصہ لیتے ہیں تو بولی آگے بڑھے گی اور اگلے مرحلے میں جانے کی صورت میں قیمت بڑھا دی جائے گی۔








