جنوبی وزیرستان: آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مغربی سرحد اور جاری آپریشنز کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو مغربی سرحد پر سیکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں آپریشن غضب للحق میں تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے مادر وطن کے دفاع میں قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، فاتحہ خوانی کی اور ان کی قربانیوں کو پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد قرار دیا۔
انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ناقابل قبول ہے۔ فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ سرحد پار سے پیدا ہونے والے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں حقیقی امن صرف اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت بند کر دیں۔ دورے کے دوران کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا۔









