وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق پاکستان سے سرکاری حج اسکیم کے تحت پروازوں کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ پہلی حج پرواز 18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے روانہ ہوگی۔
حکام کے مطابق مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو حجاز مقدس بھیجا جائے گا۔ حج آپریشن 34 روز تک جاری رہے گا، جس کے دوران ابتدائی 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔ پہلے روز چار پروازوں کے ذریعے عازمین مدینہ روانہ ہوں گے، جبکہ جدہ کے لیے پروازوں کا آغاز 4 مئی سے ہوگا۔ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔ ملک کے 8 شہروں سے حج پروازیں آپریٹ کی جائیں گی جن میں اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124، لاہور سے 104، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23، کوئٹہ سے 18 اور سکھر سے 5 پروازیں شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عازمین کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں سے آگاہ کر دیا جائے گا اور انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔









